سرینگر //نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر (ایم ایل اے خانیار)نے کل شہر خاص کے درجنوں علاقوں کا دورہ کیا۔انہوں نے زیادت حضرت سلطان العارفینؒ نشانِ گاہ اول مخدوم منڈل کی تعمیر و تجدید کیلئے 50لاکھ روپے واگذار کئے جبکہ مادر مہربان ٹرسٹ مسکین باغ میں اڑھائی کروڑ کی لاگت سے جاری تعمیری کاموں کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ پیردستگیر صاحبؒ پارک جس پر50لاکھ روپے خرچ کئے جارہے ہیں، کے کام بھی جائزہ لیا۔اس موقعے پر انہیں بتایا گیا کہ پارک کو جلد ہی عوام کے نام وقف کیا جائے گا۔ انہوں نے لنگو پارک بابہ ڈیمب میں جاری کام کا بھی جائزہ لیا اور کام میں سرعت لانے کی تاکید کی۔ اُن کے ہمراہ مختلف محکموں کے اعلیٰ حکام بھی تھے۔ اس دوران انہوں نے لوگوں کو درپیش مسائل اور مشکلات کی جانکاری حاصل کی ۔ لوگوں نے جگہ جگہ پر ساگرسے شکایت کی کہ حکومت عوامی مسائل و مشکلات دور کرنے میں ابھی بھی سنجیدگی سے کام نہیں لے رہی ہے۔