سرینگر//سڑکوں کی خستہ حالی، بجلی کی نایابی اور پانی کی ہاہاکار کو حکومتی نااہلی اور غیر سنجیدگی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے کہا ہے کہ لوگ بنیادی ضروریاتِ زندگی سے محروم ہیں۔ شہر خاص کے کائو محلہ، کلی پورہ، گورنمنٹ بائز ہائی سکول خانیار، زیارت پیر دستگیر صاحب خانیار ، غوثیہ ہسپتال، دولت آباد اور دیگر متعد د علاقوں کے دورے کے دوران ساگر نے مختلف تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا اور کئی مقامات پر لوگوں کے ساتھ تبادلہ خیالات کرتے ہوئے کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب خانیار میں واقع مختلف ہائی سکینڈری اور ہائی سکولوں کی تعمیر و تجدید اور دیگر کاموں کیلئے اپنے سی ڈی ایف اور RAMSAسکیم کے تحت 5کروڑ 60لاکھ اور 34ہزار روپے واگذار کئے۔ ان رقومات میں سے گرلز ہائیر سکینڈری سکول خانیار کیلئے 56لاکھ 71ہزار، گرلز ہائیر سکینڈری سکول نوہٹہ کیلئے 61لاکھ 18ہزار، ایم پی ہائیر سکینڈری سکول بائز کیلئے 65لاکھ 10ہزار، بائز ہائیر سکینڈری سکول نائوپورہ کیلئے 2کروڑ 23لاکھ 95ہزار جبکہ RAMSAسکیم کے تحت بائز ہائی سکول نوہٹہ کیلئے76لاکھ 69ہزار اور بائز ہائی سکول کلاشپورہ کیلئے 76 لاکھ 69 ہزار روپے واگذار کئے گئے۔ اُن کے ہمراہ آر اینڈ بی، ایس ایم سی، جے کے پی سی سی ، پی ڈی ڈی، یو ای ای ڈی اور محکمہ تعلیم اور صحت کے کئی اعلیٰ افسران بھی تھے۔انہوں نے کہا کہ ان رقوم کا مقصد متعلقہ علاقوں کے زیر تعلیم طلباء و طالبات کو درس و تدریس کے دوران تمام سہولیات میسر رکھنا ہے۔