عشرت حسین بٹ
منڈی// ایک اہم قانونی کارروائی میں پونچھ پولیس نے سنیچر کو تحصیل منڈی کے عین سرحدی علاقہ گگڑیاں میں منظور احمد ولد علی محمد سکنہ گگڑیاں، تحصیل منڈی، ضلع پونچھ کی غیر منقولہ جائیداد ضبط کر لی ہے یہ کارروائی پولیس نے (سی آر پی سی) کی دفعہ 88 کے تحت عدالت کی ہدایات کے مطابق عمل میں لائی ہے ۔پولیس کے مطابق منظور احمد پر ایک ایف آئی آر زیر نمبر 60/1993 میں پولیس تھانہ منڈی میں داخلی تحریک (کنٹرول) آرڈیننس (ای اینڈ آئی ایم سی او) کے سیکشن 2/3 کے تحت درج تھی اور وہ ان دفعات میں ملوث تھا جو پاکستان (پی او جے کے )فرار ہونے کے بعد، جسے عدالت نے اشتہاری مجرم قرار دیا تھا ۔پولیس کے مطابق اُسے پکڑنے کی وسیع کوششوں کے باوجود، منظور احمد فرار رہا، جس کی وجہ سے عدالت نے اس کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیا عدالت کے حکم کی تعمیل میں پونچھ پولیس نے محکمہ مال کے حکام کے ساتھ مل کر اس کی غیر منقولہ جائیداد کو کامیابی کے ساتھ قرق کر لیا یہ پیش رفت قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لئے پونچھ پولیس کے غیر متزلزل عزم کی نشاندہی کرتی ہے کہ جو لوگ انصاف سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں انہیں قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ منظور احمد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی کوششیں جاری ہیں اور یہ کارروائی اس عمل میں ایک اہم قدم ہے بتا دیں کہ اس دوران پولیس نے منظور احمد کی خسرہ نمبر 59 کے تحت دو کنال 18 مرلہ اراضی اور خسرہ نمبر 9 کے تحت 12 مرلے جائداد قبضے میں لی ہے ۔پولیس کے مطابق متعلقہ شخص گزشتہ کم و بیش تین دہائیوںسے پاکستان زیر انتظام جموں و کشمیر میں بیٹھ کر جموں و کشمیر خصوصی طور پر ضلع پونچھ میں امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس کی بنا پر اس کے نام کی جائداد کو ضبط کیا گیا ہے