عشرت حسین بٹ
منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے لورن اور ساوجیاں کو جانے والی سڑکوں کی حالت اتنی ابتر ہے کہ جہاں ان سڑکوں پر آدھے گھنٹے کا سفر کیا جاتا تھا اب وہی سفر ایک ایک گھنٹے سے زیادہ وقت میں مکمل ہوتا ہے۔ بتا دیں کہ یہ دونوں سڑکیں پی ایم جی ایس وائی کے تحت آتی ہیں جن پر گزشتہ دس برس سے کوئی بھی تعمیری کام یا سڑکوں کی دیکھ ریکھ نہیں کی گئی جس کی وجہ سے ان سڑکوں کی حالت بہت زیادہ خستہ ہو گئی ہے۔ لورن تا منڈی اور ساوجیاں تا منڈی سڑکوں پر کوئی بھی ایسی جگہ نہیں ہے جس پر بڑے بڑے کھڈے نہ پڑے ہوں۔کھڈوں کی وجہ سے ان سڑکوں پر معمول کے مطابق سفر کرنے والے مسافروں کو بہت زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لورن تا منڈی روزانہ سفر کرنے والے یار محمد نامی ایک شخص نے بتایا کہ سڑک کی حالت اتنی ابتر ہے کہ انسان پیدل بھی سفر نہیں کر پاتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان سڑکوں پر معمول کے مطابق سفر کرنے والے اکثر لوگ ڈسک کی بیماری کے شکار ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام نے متعدد بار ان سڑکوں کی مرمت کے حوالے سے انتظامیہ سے اپیل کی مگر گزشتہ ایک دہائی سے ان سڑکوں کی نہ تو مرمت ہوئی اور نہ ہی ان سڑکوں پر تارکول ڈالا گیا۔مکینوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ ان دونوں سڑکوں کی مرمت کی جائے تاکہ ان سڑکوں پر سفر کرنے والے لوگ راحت کی سانس لے سکیں۔