سرینگر//حریت (گ)،پیپلز لیگ،لبریشن فرنٹ (آر)،ڈیموکریٹک پولیٹکل مومنٹ،پیپلز فریڈم لیگ، اسلامک پولیٹکل پارٹی،مسلم کانفرنس ،سالویشن مومنٹ اور ینگ مینز لیگ نے سانحہ گائوکدل میں جاں بحق ہوئے افراد کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ گائوکدل اور اس طرح کے دیگر سانحات بھارت کی جمہوریت پر بدنما داغ ہیں۔حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے گاؤکدل کے خونین سانحہ میں جاں بحق ہوئے افراد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی فورسز نے ریاست کے طول وعرض میں مظالم کے بے انتہا نقوش چھوڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہی ان گنت سانحوں میں گاؤکدل بھی ہے جب بھارتی فورسز نے اپنی جمہوریت کے چہرے کوبدنما بنادیا۔ گیلانی نے شہداء اور ان کے لواحقین کے عزم اور صبر جمیل کو عقیدت کا سلام پیش کرتے ہوئے کہا ’’ ہم نے شہداء کے اُس پاک مشن کو اپنی نظروں سے اوجھل ہونے نہیں دینا ہے اور ہر حال میں اس مقصد کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لاکر زنجیروں کو کاٹ پھینکنا ہے۔ ہماری تحریک کے یہ درخشندہ ستارے ہمیں اپنی منزل ہر لمحہ یاد دلاتے رہیں گے اور اُن کو خراج ادا کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہم دشمن کی کسی بھی سازش کا شکار نہ ہوجائیں‘‘۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بھارتی فورسز اور ان کے مقامی حمایتیوں کے پُرفریب نعروں کے سحر سے اپنے آپ کو محفوظ رکھیں اور کسی بھی طرح ان کی معاونت نہ کریں۔ حریت چیرمین نے کہا کہ گاؤکدل سانحہ ایک منظم سازش کے ذریعے اُس وقت کے گورنر جگموہن کے متعصب ذہن کی عکاس تھی، لیکن اس کے بعد کے متعدد خونین مناظرکے ملوثین ہمارے درمیان آزاد گھوم ہی نہیں رہے ہیں۔گیلانی کے مطابق نہ تو اُس وقت کے گورنر کو اس قتل عام پر کوئی سرزنش ہوئی اور نہ ہی بعد کے واقعات کا کہیں کوئی نوٹس لیا گیا۔ ہمارا لہو اس قدر سستا ہوگیا ہے کہ پچھلے 70سال سے مسلسل بہنے کے باوجود کسی کو اپنی طرف متوجہ نہیں کرپارہا ہے ۔ اس دوران گیلانی نے ہندواڑہ اور قصبہ کپواڑہ میں بالترتیب 25 اور 27؍جنوری کو مکمل ہڑتال اور دعائیہ مجالس منعقد کرنے کی اپیل دہراتے ہوئے انسانی حقوق کے لیے سرگرم عالمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ جموں کشمیر میں پیش آئے قتل عام کے تمام واقعات کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرانے اور جنگی جرائم میں ملوث فورسز اہلکاروں کو انصاف کے کٹہرے تک لانے میں اپنا رول ادا کریں اور اس خطے میں مزید انسانی زندگیوں کے اتلاف کو روکنے کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔ پیپلز لیگ کے محبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری اور قائمقام چیئرمین سید محمد شفیع نے کہا ہے کہ سانحہ گائوکدل تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے جب بھارتی فوج نے خون کی ہولی کھیل کر 52 عام و بے گناہ شہریوں کو جاں بحق کر کے ظلم و جبر کی ایک ایسی بھیانک داستان رقم کی جسے آج تک کشمیری فراموش نہیں کرسکے ۔ اس دوران لیگ کے قائمقام چیئرمن جناب سید محمد شفیع کی قیادت میں ایک وفد جس میں سینئر رہنما غلام قادر راہ , عبدالرشید ڈار،محمد شفیع میر، صدرضلع سرینگر پرویز احمد بٹ اور دیگر اراکین نے شہداء گائوکدل کی یاد میں بلائے گئے ایک پروقار تقریب میں شرکت کی ۔لبریشن فرنٹ (آر) کے جنرل سیکرٹری وجاہت بشیر قریشی نے سانحہ گائو کدل قتل عام کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے مرہون منت ہیں کہ ان کے خون سے تحریک آزادی کو ایک نئی زندگی اور جلا ملی۔انہوں نے ریاستی انتظامیہ کی جانب سے لوگوںکی نقل و حرکت اور پُر امن سیاسی سرگرمیوں پر قدغن عائد کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اب فاتحہ خوانی کی بھی اجازت نہیںدی جارہی ہے ۔ڈیموکریٹک پولیٹکل مومنٹ نے کہاہے کہ گائوکدل جیسے سانحات کوفراموش کرناکسی بھی طورممکن نہیں ۔سانحہ کی یاد میںایک تعزیتی تقریب سے ڈی پی ایم جنرل سیکریٹری خواجہ فردوس وانی ،پارٹی کے چیف آرگنائزرپیرہلال اورضلع صدرسرینگرمحمدعمران نے شرکت ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ فرودس نے کہاکہ بھارت جس قدرمسئلہ کشمیرکی حیثیت اورحساسیت سے منہ پھیرتارہے گا،اُسی قدرجنوب ایشیائی خطے کی صورتحال مزیدبگڑتی چلی جائیگی۔ پیپلز فریڈم لیگ کے چیف آرگنائزر امتیاز احمد شاہ ، ارشد عزیز، ارشد حسین وغیرہ اور دیگر کارکنان شہدائے گائو کدل کو خراج عقیدت ادا کرنے کے لئے گائو کدل گئے جہاں انہوں نے ان کی عظیم قربانیوں پرانہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہدائے گائو کدل کے حق میں منعقدہ دعائیہ مجلس میں بھی حصہ لیا اور ان کے حق میں ایصال ثواب کیا۔ اسلامک پولیٹکل پارٹی چیئرمین محمد یوسف نقاش اور سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفراکبر بٹ نے شہداء گاؤ کدل کو نمناک آنکھوں سے یاد کرتے ہوئے انہیںخراج عقیدت پیش کیا ۔ظفراکبرنے کہا کہ اس انسانیت سوزسانحہ میں میں ملوث اہلکاروں کو ترقیوں سے نواز کر کشمیری عوام کے زخموں پر نمک پاشی کی گئی اور حد درجہ افسوسناک و تعجب کا مقام ہے کہ آج بھی اس اجتماعی قتل عام میں ملوث اہلکار آزاد گھوم رہے ہیں جو کہ انسانی واخلاقی قدروں کے منافی ہے۔مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار اور ینگ مینز لیگ کے امتیاز احمد ریشی نے گاوکدل جاکر شہداء گائوکدل کو یاد کیا اور خراج عقیدت پیش کیا۔