عظمیٰ نیوزسروس
جموں//ضلع کشتواڑ کے چشوتی علاقے میں بادل پھٹنے کے بعد اور سیکرٹری صحت اور طبی تعلیم، ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ کی نگرانی میں، ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز جموںنے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے ہنگامی طبی امدادی اقدامات شروع کیے ہیں۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں ڈاکٹر عبدالحمید زرگر 14اگست کوپاڈرکشتواڑ پہنچے اور متاثرین کو فوری طبی دیکھ بھال اور مدد فراہم کرنے کے لیے ایک مربوط ردعمل کا آغاز کیا۔ انتظامی سکریٹری بھی 15اگست کو فراہم کی جانے والی طبی امداد کی سہولیات کی نگرانی کے لیے پاڈر پہنچے۔متاثرہ علاقوں میں ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل سٹاف اور ایمرجنسی ہیلتھ کے اہلکاروں پر مشتمل متعدد میڈیکل ٹیمیں تعینات کی گئیں۔ یہ ٹیمیں زخمیوں اور متاثرہ خاندانوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہیں۔مکمل طور پر لیس ایمبولینسوں کا ایک بیڑا تعینات کیا گیا ہے تاکہ نازک مریضوں کو جدید علاج کے لیے قریبی صحت کے اداروں میں بروقت منتقل کیا جا سکے۔ متاثرہ زون کے قریب ایمرجنسی میڈیکل کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں جن میں ضروری ادویات، ابتدائی طبی امداد اور صدمے کی دیکھ بھال کی سہولیات موجود ہیں۔نظامت صحت جموں کشتواڑ ضلعی انتظامیہ اور ایس ڈی آر ایف/این ڈی آر ایف ٹیموں کے ساتھ قریبی تال میل میں گزشتہ تین دنوں سے کام کر رہا ہے تاکہ بچاؤ اور راحتی کارروائیوں کے دوران صحت کی دیکھ بھال میں بغیر کسی رکاوٹ کے تعاون کو یقینی بنایا جا سکے۔ چیف میڈیکل آفیسر کشتواڑ ڈاکٹر راجندر ضرورت مندوں کو طبی امداد فراہم کرنے میں مدد کر رہے ہیں۔