سرینگر/وادی کشمیر میں سوموار کو سمبل سانحہ کیخلاف عوامی سطح پر شدید احتجاج بھڑک اُٹھا جبکہ مظاہرین کیخلاف فورسز کارروائی میں کم سے کم بارہ افراد زخمی ہوگئے۔
بارہمولہ کے پٹن علاقے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق یہاں ایک درجن افراد زخمی ہوگئے جب فورسز نے سنگباری کررہے مظاہرین کیخلاف ٹیر گیس کا استعمال کیا۔
اطلاعات کے مطابق فورسز نے چھینہ بل پٹن میں مظاہرین کیخلاف ٹیر گیس کے گولے داغے جن سے کئی زخمی ہوگئے۔
زخمی ہونے والوں میں ارشد احمد ڈار نامی شہری بھی شامل ہے ،جس کو شدید زخمی حالت میں سرینگر منتقل کیا گیا۔
واضح رہے کہ سمبل میں 8مئی کو پیش آئے واقعہ کیخلاف پوری وادی میں سخت غم و غصہ پایا جارہا ہے۔
پولیس نے ملزم کی گرفتاری عمل میں لائی ہے جو ملک پورہ تریگام ،سمبل کا رہنے والا ہے۔
پولیس نے اُس سکولی پرنسپل کو بھی دھر لیا ہے جس نے مبینہ طور ملزم کے حق میں نابالغ ہونے کی سند جاری کی تھی۔