سرینگر//سرکردہ دینی و سیاسی رہنما اور عوامی مجلس عمل کے بانی سربراہ شہید ملت میرواعظ کشمیرمولوی محمد فاروق ؒ اور ۲۵ ماہ شوال کے شہدائے حو ل کے اسلامی کلینڈر کے حساب سے28واں یوم شہادت ہے۔عوامی مجلس عمل بیان کے مطابق آج ہی کے دن آج سے29 سال قبل کشمیری عوام کے مقبول رہنما شہید ملت کے سانحہ شہادت کے ساتھ ہی اسلامیہ کالج حول میں ان کے جسد خاکی کو کندھا دینے والے نہتے اور ماتم زدہ عوام پر فورسز نے بندوقوں اور مشین گنوںکے دہانے کھول کر اندھا دھند فائرنگ کرکے 70 کے قریب کشمیریوں کو خاک و خون میں نہلا کر بے دردی سے جاں بحق اور سینکڑوں افراد کو زخمی کر ڈالا تھا۔ تنظیم کے ترجمان نے شہید ملتؒ کوکشمیری عوام اور ملت اسلامیہ کے تئیں انکی غیر معمولی ، انتھک اور ناقابل فراموش دینی اور سیاسی خدمات کیلئے زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم اور عہد کو دہرایا کہ شہید رہنما اور شہداء کشمیر نے جس بلند نصب العین کیلئے اپنی اٹھتی جوانیوں اور قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اسے کسی قیمت پر نگاہوں سے اوجھل نہیں ہونے دیا جائیگا اور شہید رہنما کے ساتھ ساتھ ملت کشمیر کے ہزاروں نوجوانوں ، بزرگوں ، مائوں ، بیٹیوں اور معصوم بچوں کی قربانیوں کو کسی بھی قیمت پر رائیگان نہیں ہونے دیا جائے گا اور ان قربانیوں کے تحفظ کا عمل جاری رہے گااور حصول مقصد یعنی حق خودارادیت کی بنیاد پر جب تک کشمیری عوام کی خواہشات اور جذبات کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کیا جاتا ہماری منصفانہ جدوجہد جاری رہیگی۔