نیوز ڈیسک
جموں// پولیس نے پیر کے روز سانبہ ضلع میں بین الاقوامی سرحد کے پار سے ڈرون کے ذریعے گرائے جانے والے ایک پیکٹ سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد کا ذخیرہ برآمد کیا۔حکام نے بتایا کہ پیکٹ جو پیر کو صبح سویرے رکھ باروتیا میں ریلوے لائن کے قریب پایا گیا تھا ، میں، دیگر کے علاوہ، تین چینی ساختہ پستول اور دستی بم شامل تھے۔پولیس کے مطابق ایک مشتبہ چیز کے بارے میں اطلاع ملی، پولیس موقع پر پہنچ گئی، بم ڈسپوزل سکواڈ کو بھی طلب کر لیا گیا اور پیکٹ سے 3 پستول، 4 دستی بم، 6 میگزین اور 48 راؤنڈ برآمد ہوئے۔ سانبہ کے ایس ایس پی بینم توش کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر درج، تحقیقات شروع ہوگئی ہے۔ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (سانبہ) سریندر چودھری نے نامہ نگاروں کو بتایا، ’’ہمیں وجے پور پٹی میں رکھ بڑوتیہ کے کھیتوں میں ایک مشتبہ پیکیج کے بارے میں اطلاع ملی۔پہلے یہ معلوم کیا گیا کہ آیا پیکج میں آئی ای ڈی (دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلہ) موجود تھا۔”اہلکار نے بتایا کہ پیکج سے برآمد ہونے والے ہتھیاروں میں تین چائنہ ساختہ پستول، چھ میگزین، 48 راؤنڈ اور چار ہینڈ گرنیڈ شامل ہیں۔ماضی کے طریقہ کار کے مطابق، پولیس کو شبہ ہے کہ یہ پیکیج سرحد پار سے ڈرون کے ذریعے گرایا گیا تھا۔چودھری نے کہا، ”…ایسا لگتا ہے کہ ہتھیاروں کی کھیپ ڈرون کے ذریعے (بین الاقوامی سرحد کے پار سے) گرائی گئی ہے،اس میں ایک باکس اور پلاسٹک کی ایک لمبی تار تھی جس کی پیمائش 50 میٹر تھی۔”