سانبہ//صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا نے یہاں ایک میگا جاب میلے کا افتتاح کیا ۔ اس موقعہ پر ایم ایل اے سانبہ دویندر کمار منیال ، ڈی سی سانبہ کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے روز گار حاصل کرنے والے اور روز گار دلانے والوں کو ایک جگہ ملنے کا موقعہ فراہم ہوتا ہے ۔ وزیر کو جانکاری دی گئی کہ مختلف سرکاری محکموں میں دس ہزار آسامیوں کی نشاندہی کی گئی ہے جنہیں جے کے ایس ایس آر بی کی طرف سے تیز تر بنیادوں پر پُر کیا جائے گا ۔ انہیں بتایا گیا کہ پی ایم ای جی پی ، کے وی آئی بی اور کے وی آئی سی کے تحت 41050 کیس منظور کئے گئے ہیں جس کی بدولت ہر سال روز گار کے 30 ہزار مواقعے دستیاب ہوں گے ۔ وزیر نے کہا کہ جموں اور کشمیر صوبوں کیلئے 50 کروڑ روپے مالیت کے میگا ہنی کلسٹر عنقریب منظور کئے جائیں گے جن کی بدولت دونوں خطوں میں روز گار کے زیادہ سے زیادہ مواقعے پیدا ہوں گے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ایل اے سانبہ نے شریک اُمیدواروں سے کہا کہ وہ سرکار کی سکیموں سے استفادہ کرکے اپنے اور دوسرے لوگوں کیلئے روز گار کے مواقعے پیدا کریں ۔ اس میلے کے دوران 7 کمپنیوں نے صلاحیتوں کی بنیاد پر اُمنیدواروں کو 8 ہزار روپے سے لیکر 30 ہزار روپے کی تنخواہ پر نوکریاں فراہم کیں ۔ واضح رہے کہ اس جاب میلے کیلئے 600 اُمیدواروں کو رجسٹر کیا گیا تھا جن میں سے لگ بھگ 300 کو روز گار کی پیش کش کی گئی ۔