عظمیٰ نیوز سروس
جموں//بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے بین الاقوامی سرحد کے ساتھ منشیات کی اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنا دیا اور ایک پاکستانی درانداز کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ بی ایس ایف کے ایک ترجمان نے منگل کو بتایاکہ مہلوک کے قبضے سے چار کلو گرام منشیات برآمد ہوئی ہے۔ترجمان نے کہا، 24 اور 25 جولائی کی درمیانی رات ، چوکس بی ایس ایف کے دستوں نے ایک پاکستانی اسمگلر کو بے اثر کر دیا جو رام گڑھ سرحدی علاقے سے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔انہوں نے بتایا کہ علاقے کی ابتدائی تلاشی کے دوران، مقتول کی لاش کے قریب سے مشتبہ منشیات کے چار پیکٹ ملے، جن میں سے ہر ایک کا وزن ایک کلو تھا۔قبل ازیں، حکام نے کہا کہ الرٹ سرحدی محافظوں نے پیر کی رات دیر گئے رام گڑھ سیکٹر میں ایس ایم پورہ پوسٹ کے قریب مشتبہ نقل و حرکت دیکھی اور اس وقت گولی چلائی جب مشتبہ گھسنے والے نے بار بار کی وارننگ پر کوئی توجہ نہیں دی۔حکام نے بتایا کہ متوفی کی شناخت کا انتظار کیا جا رہا ہے کیونکہ علاقے کی تلاش اب بھی جاری ہے۔