عظمیٰ نیوزسروس
جموں// جموں کے سانبہ ضلع میں شادی کی تقریب اس وقت ماتم میں تبدیل ہوئی جبکہ جموں پٹھانکوٹ شاہراہ پر نجی کار اور تیل ٹینکر کے مابین ٹکر کے نتیجے میں دو نوجوان لقمہ اجل بن گئے ۔تفصیلات کے مطابق دو نوجوان شادی کی تقریب سے واپس آرہے تھے کہ ان کی کار تیل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔نمائند ے نے عینی شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ حادثہ پیش آنے کے بعد پولیس اور دیگر بچائو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور انہوں نے کار میں سوار دونوں نوجوانوں کو ہسپتال پہنچانے کی کوشش کی تاہم وہاں دونوں کو ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیا ۔ پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں دو نوجوان از جاں ہو گئے اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق مرنے والوں کی شناخت ہماچل پردیش کے رہنے والے بنتو ڈوگرا اور اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے شوبم شریواستو کے طور پر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔ دونوں دوست مبینہ طور پر شادی میں شرکت کے بعد واپس جا رہے تھے کہ یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق تیز رفتاری حادثے کی ممکنہ وجہ ہو سکتی ہے ، تاہم معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے ۔