عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر کے ضلع سانبہ کے پولپور علاقے میں علی الصبح مویشی سمگلروں نے ایک پولیس ناکے پر گاڑی چڑھا دی، جس کے نتیجے میں ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) جاں بحق جبکہ ایک اور پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گیا۔ذرائع کے مطابق پولیس کو مویشی سمگلنگ کی خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی، جس کے بعد پولپور میں ناکہ بندی کی گئی تھی تاکہ سمگلروں کو روکا جا سکے ۔ جیسے ہی مشتبہ گاڑی کو رکنے کا اشارہ دیا گیا، ڈرائیور نے رفتار تیز کرتے ہوئے ناکے پر موجود اہلکاروں کو کچلنے کی کوشش کی۔حادثے میں اے ایس آئی یوگر اج شدید زخمی ہو گئے ، جنہیں فوری طور پر ایمز وجے پور منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ۔ ایک اور پولیس اہلکار زیر علاج ہے ، جس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ۔واقعے کے بعد سمگلر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور سمگلروں کی تلاش جاری ہے ۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب محض چند روز قبل سانبہ کے بلول کھڈ علاقے میں منشیات فروشوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کیا تھا، جس میں ایک ایس ایچ او، پی ایس آئی اور ایک سیلیکشن گریڈ کانسٹیبل شدید زخمی ہوئے تھے ۔پے در پے ایسے حملوں نے ضلع سانبہ میں پولیس کی کارروائیوں کو چیلنجز سے دوچار کر دیا ہے ۔ عوامی حلقوں میں پولیس پر حملوں کے بڑھتے واقعات پر تشویش پائی جا رہی ہے ۔محکمہ پولیس کے اعلیٰ حکام نے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید اے ایس آئی کی قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور مجرموں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔