عظمیٰ نیوزسروس
جموں //سرحدوں پر ڈرون کی بڑھتی سرگرمیوں کے بیچ جمو ں کے سانبہ ضلع میں بین الاقوامی سرحد کے قریب پاکستانی ڈرون کی نقل و حرکت دیکھنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کردیا ہے ۔ حکام نے بتایا کہ ڈرون نما چیز کو پاکستانی جانب سے آتے دیکھا گیا اور جمعہ کی دیر رات رام گڑھ سیکٹر کے نانگا گاؤں پر منڈلا دیا، جس سے سرحدی پٹی میں خطرے کی گھنٹی بج گئی۔حکام کے مطابق، سیکورٹی فورسز اور پولیس ٹیموں کو فوری طور پر علاقے کی چھان بین کے لیے تعینات کیا گیا تھا اور اس بات کو یقینی بنایا گیا تھا کہ سرحد پار سے منشیات اور اسلحے جیسے کسی بھی پے لوڈ کو ہوا سے نہ چھوڑا جائے۔حکام نے بتایا کہ آخری اطلاعات موصول ہونے پر تلاشی کارروائی جاری تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ احتیاطی اقدام کے طور پر ملحقہ دیہاتوں میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ پولیس کے ایک سنیئر عہدیدار نے اس کی تصدیق کر تے ہوئے بتایا کہ سرحد کے قریب تلاشی آپریشن بڑے پیمانے پر جاری ہے ۔