پلوامہ// پولیس نے پلوامہ کے رتنی پورہ علاقے میں ایک 25سالہ نوجوان کی لاش پر اسرار حالت میں بر آمد کی ۔ لاش پر گولی کا کوئی نشان موجود نہیں تھا بلکہ ابتدائی میڈیکل رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ نوجوان کو تشدد کر کے جاں بحق کیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعہ کے حوالے سے کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔ رتنی پورہ پلوامہ میں پولیس نے اتوار کی صبح ایک 25سالہ نوجوان کی لاش پر اسرار حالت میں بر آمد کی ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ رتنی پورہ اور نوروکے درمیان پولیس کو ایک لاش کی موجود گی کی اطلاع ملی ہے۔ پولیس نے اطلاع ملنے کے فوراً بعد جائے واردات پر پہنچ کر ایک 25 سالہ نوجوان کی لاش برآمد کی ، جس کی شناخت محمد شفیع صوفی ولد غلام حیدر صوفی ساکن سانبورہ پلوامہ کے طورہوئی۔معلوم ہواکہ محمد شفیع سرینگر میں ایک الیکڑانک دکان میں بحثیت سیلز مین کام کرتا تھا۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لینے کے بعد پوسٹ مارٹم کرنے کے لئے سب ضلع اسپتال پانپور پہنچایا ۔ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم اور ایگزیکٹو مجسٹریٹ کی موجود گی میں پوسٹ مارٹم کیا گیا، جہاں ابتدائی رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ نوجوان کو کافی تشدد کر کے ہلاک کیا گیاہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نوجوان کی ٹانگوں پر گہرے زخم موجود تھے جبکہ گلے میں ایک رسی بھی موجود تھی جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ نوجوان کو تشد کر کے قتل کیا گیا ۔ پولیس نے واضح کیا کہ نوجوان کے جسم پر کسی بھی جگہ گولی کا کوئی بھی نشان نہیں تھا ۔