سرینگر//پرنسپل سیکرٹری پشو و بھیڑ پالن اور ماہی پروری ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے کل ایس آر ہسپتال لال منڈی اور پولٹری پروجیکٹ ہاری پربت کا دورہ کر کے ان یونٹوں کے کام کاج کا جائیزہ لیا۔ڈاکٹر سامون نے محکمہ پشو پالن کے افسروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور ان یونٹوں میں سہولیات کو بڑھاوا دینے کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے ریاست میں پشو پالن کے شعبۂ میں خود کفالت حاصل کرنے کے لئے اختراعی اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ صارفین کی گوشت اور پولٹری ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے ہر ایک ضلع میں جدید خطوط پر پولٹری مارکیٹ قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہاری پربت میں کسانوں کے لئے جدید طرز کا ایک تربیتی ادارہ قائم کیا جائے گا ،علاوہ ازیں پولٹری ڈیولپمنٹ بورڈ بھی تشکیل دیا جائے گا۔میٹنگ میں ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری کشمیر ڈاکٹر محمد شریف کے علاوہ متعلقہ محکموں کے کئی دیگر افسران بھی موجود تھے