سرینگر//جموں کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے پیر کے روز کہا کہ سامبورہ پانپور میں جو دو جنگجو گذشتہ روز فورسز کے ساتھ معرکہ آرائی کے دوران جاں بحق ہوگئے ، وہ کئی حملوں میں ملوث تھے۔
اس معرکہ آرائی میں لشکر سے وابستہ دو جنگجو جاں بحق ہوگئے جن میں اعجاز احمد ریشی بھی شامل تھا۔
نیوز ایجنسی کے این او کے مطابق انہوں نے اعجاز کی ہلاکت کو ”بہت بڑی کامیابی“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ لشکر کا سب سے زیادہ وقت تک زندہ رہنے والا کمانڈر تھا۔
دلباغ سنگھ کے مطابق اعجازپہلے ایک بالائے زمین کارکن تھا جس نے بعد میں جنگجوﺅں کی صف میں باضابطہ طور شمولیت اختیار کی۔انہوں نے کہا اعجاز حزب کمانڈر برہان وانی سے بھی پہلے جنگجوﺅں کی صف میں شامل ہوا تھا۔
دلباغ سنگھ نے پولیس سٹیشن اونتی پورہ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اعجاز کو ”خطر ناک جنگجو“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ سیکورٹی فورسز پر کئی حملوں میں ملوث تھا اور وہ پانپور میں آئی ای ڈی دھماکہ کرنے میں بھی ملوث تھا جس میںآٹھ اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔
دلباغ سنگھ کے مطابق سامبو رہ میں ہوئی معرکہ آرائی کے اختتام پر جائے تصادم سے اسلحہ و گولہ بارود بھی بر آمد کیا گیا۔اس معرکہ آرائی میں اعجاز کا ایک اور ساتھی بھی جاں بحق ہوگیا۔