عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// بجبہاڑہ حلقہ سے ممبر اسمبلی اور نیشنل کانفرنس لیڈر بشیر احمد ویری کو ان کے سامان سے گولہ بارود برآمد ہونے کے بعد اتوار کو سرینگر ہوائی اڈے پرروک لیا گیا۔ایم ایل اے ویری جموں جا رہے تھے اور ہوائی اڈے پر ان کے سامان کی معمول کی سکیننگ کے دوران ان کے بیگ میں گولیوں کے دو رانڈ ملے۔ اسے پوچھ گچھ کے لیے روک لیا گیا اور بعدمیں ان سے پوچھ تاچھ کی گئی۔ معلوم ہوا ہے کہ بیگ سے پستول کی دو گولیاں بر آمد ہوئی تھیں، جو ان کے پستول کی تھیں ، جس کی لائسنس بھی انکے پاس تھی۔بعد میں انہیں چھوڑ دیا گیا۔بشیر احمد ویری نے اس بارے میں گریٹر کشمیر کو بتایا کہ انکے پاس پستول کی باضابطہ لائسنس ہے اور دو کاٹریج بیگ میں رہ گئے تھے، جس پر تھوڑا مسئلہ کھڑا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ہمہامہ پولیس سٹیشن نہیں لیا گیا بلکہ ائر پورٹ پر ہی انہیں نے اصل لائسنس منگوائی ، جو سیکورٹی حکام کو دکھائی گئی ، جس کے بعد مسئلہ حل ہوگیا۔