جموں//مکانات اور شہری ترقیات کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے امپارڈ جموں میں اربن سالڈ ویسٹ منیجمنٹ پر مبنی تین روزہ تربیتی پروگرام کا افتتاح کیا ۔ پروگرام کے شرکاء میں جموں میونسپل کارپوریشن کے اہلکار ، سیاحت ، تعلیم ، سماجی بہبود ، صحت اور دیگر محکمہ جات کے اہلکار اور غیر سرکاری تنظیموں کے نمائیندے شامل تھے ۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوفہ نے کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں میں فضلاء کو سائینسی بنیادوں پر ٹھکانے لگانے کی اشد ضرورت ہے تا کہ ماحول کو صاف و پاک رکھا جا سکے ۔ انہوں نے اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے تمام محکمہ جات کو آپسی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی تلقین کی ۔ انہوں نے مرکزی اور ریاستی سرکار کی طرف سے فضلاء کو سائینسی بنیادوں پر ٹھکانے لگانے کیلئے کئے گئے اقدامات کا تذکرہ کیا ۔ وزیر موصوفہ نے کہا کہ سوچھ بھارت ابھیان کا بنیادی مقصد گندگی اور غلاظت کو دور کر نا ہے ۔ انہوں نے صحت اور صفائی کے اہتمام سے متعلق ضروری تربیت پر زور دیا ۔ تقریب سے کئی دیگر افسران نے خطاب کر کے صفائی ستھرائی کی اہمیت اور پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کئے ۔