کشتواڑ//سالانہ مچیل یاترا میں شرکت کرنے کے سلسلہ میں شکر وار کے روز سینکڑوں کی تعداد میں یاتری چنڈی ماتا مندر میں جمع ہوئے ۔ متبرک مچیل یاترا آج سے بنیادی کیمپ واقع چنوٹ ،بھدرواہ سے شروع ہوئی۔ہر سال کی طرح یاترا کا اہم قافلہ 18اگست کو شروع ہوا جو 24اگست کو ضلع کشتواڑ کے مچیل پاڈر پہنچ جائیں گے۔اس یاترا میں ریاست و بیرون ریاستوں کے تقریباً12,000یاتری شامل ہیں۔یاتری صُبح سے ہی بنیادی کیمپ چنوٹ میں اکٹھا ہوئے اور مندر کمیٹی کی جانب سے کئے گئے انتظامات کے تحت ناشتہ کرنے کے بعد مچیل،پاڈر کی جانب روانہ ہوئے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ تقریباً200 گاڑیوں میں سواریاتریوں کا پہلا قافلہ کشتواڑ میں رات کو ٹھہرے گا اور اگلی صُبح یعنی کہ19اگست کو یاتری اگلے پڑائو اٹھولی،جو کہ کشتوڑ سے تقریباً23کلو میٹر کی دوری پر ہے، میں ٹھہریں گے۔جموں کے ایک یاتری کلدیپ شرما نے کہا کہ میں اس یاترا میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ پہلی مرتبہ جا رہا ہوں، میں چنڈی ماتا کا شکر گُذار ہوں جس نے مُجھے متبرک یاترا میں شرکت کرنے کا موقعہ فراہم کیا ہے۔یاترا کے چیف آرگنائزر ٹھاکو کلبیر سنگھ جموال نے کہا کہ یاتریوں کا چنڈی ماتا پر پورا اعتقاد ہے،کیونکہ انکی خواہش پوری ہوجاتی ہیں جسکی وجہ سے ہر سال یاتریوں کی تعداد میں اضافہ ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال اس یاترا میں 2.5 لاکھ یاتریوں نے ماتا کے درشن کئے۔انہوں نے مزید کہا کہ مندر کمیٹی نے یاتریوں کے لئے بنیادی انتظامات کئے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ نے سیکورٹی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی گاڑیاں یاترا کے قافلے کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ وادی چناب کی مختلف مندر کمیٹیوں نے راستے میں لنگر،پینے کے پانی اور دیگر ضروری سامان کابھی انتظامات کئے ہیں۔