بھدرواہ//بھاری بارشوں کے باوجود ریاست کے مختلف حصوں سے سینکڑوں کی تعداد میں یاتری چنوت، بھدرواہ کے چنڈی ماتا مندر میں جمع ہوئے اور سالانہ ترشول بھینٹ یاترا اور ستھاپنا دوس کے موقعہ پر یاترا میں شرکت کی۔گُذشتہ رات سے ہی شردھالووں کی ایک لمبی قطار اپنے گورو گورو کبیر سنگھ جموال کا جنم دن منانے اور دیوی چنڈی کے درشنوں اور آشیر واد حاصل کرنے کے لئے انتظار میں تھے۔ترشول بھینٹ یاترا ایک سالانہ تہوار ہوتا ہے جسے یک جولائی کو منایا جاتا رھا لیکن گُذشتہ دو برسوں سے اس میلے کو ملتوی کرکے چنڈی ماتا مندر چنوت کے ستھاپنا دوس پر منایا جا تا ہے۔ اس طرح سے یہ دونوں میلے ایک ہی دن کو منانے کے نتیجہ میں شردھولووں کی بھاری بھیڑ تھی ا ور 15000 کے ریکارڈشردھالووں نے اس میں شرکت کی۔روحانی گورو گورو کبیر سنگھ جموال نے کشمیر اعظمیٰ کو بتایا کہ موسم کی خرابی کی وجہ سے ہم نے سالانہ ترشول بھینٹ یاترا اور ستھا پنا دوس میلے کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم میلہ خوش اسلوبی کے ساتھ منعقد کیا گیا ۔ یاتریوں کی بھاری رش کو دیکھتے ہوئے ہم نے تمام یاتریوں کو اچھی سہولیات فراہم کیں جس میں انتظامیہ نے کافی رول ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے معقول سیکورٹی ،ٹریفک منیجمنٹ اور پینے کے پانی کے خاطر خواہ انتظامات کئے تھے۔جنوبی کشمیر کے ایک یاتری اوتار کرشن بھٹ نے کہا کہ میں ہر سال اس یاترا کے لئے آتا ہوں اور ماں چندی سے آشیر واد حاصل کرتا ہوں۔ دریں اثنا ترشول بھینٹ یاترا جو کہ ردھے شام مندر ڈوڈہ سے منگل کے دن شروع ہو گئی ہے اور کافی یاتریوں کے ساتھ بعد دوپہر کو چنوت مندر پہنچی جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا ۔ یاتری تقریباً70سے80بسوں اور150سے زائد ہلکی گاڑیوں میں بھجن و کیرتن گاکر مذہبی نعروں کی گونج کے درمیان بھدرواہ پہنچی پہنچ۔ڈوڈہ سے بھدرواہ تک کی سڑک پر مقامی لوگوں نے یاتریوں کا خیر مقدم کیا ۔یاترا کے لئے مختلف مقامات بھالہ، سیری، نیوٹا، درو دو ،درانگا، گاتھا ، اور اودرانہ میں اشیائے خوردنی اور پینے کے پانی کا معقول انتظام کیا گیا تھا ۔یاتریوںنے چنڈی ماتا مندر پہنچ کر مان کے درشن کئے اورگورو کبیر سنگھ جموال کو ترشول بھینٹ کرنے کے پر وگرام میں شرکت کی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ترشول بھینٹ یاترا سالانہ مچیل یاترا کی شروعات ہوتی ہے کیونکہ ترشول جسے ڈوڈہ سے لایا جاتا ہے کو مچیل پاڈر(کشتواڑ)پوتر چھڑی کی شکل میں لیا جائے گا،جہاں پر چنڈی ماتا مندر چنوت،بھدرواہ میں ایک ماہ کی پوجا ارچنا کی جائے گی۔انتظامیہ نے یاترا کے لئے سیکورٹی کے معقول انتظامات کئے تھے۔