جموں//یکم جولائی سے شروع ہونے والی سالانہ امرناتھ یاترا کیلئے ایک لاکھ دس ہزار سے زائد شردھالوئوں نے اپنے ناموں کااندراج کیا ہے ۔ریاست کے گورنر ستیہ پال ملک نے گزشتہ ہفتے یاترا کیلئے آن لائن رجسٹریشن عمل کی شروعات کی تھی۔سرکاری ذرائع کے مطابق امرناتھ یاترا کیلئے بال تل اور چندن واڑی راستوں سے رجسٹریشن کا عمل2اپریل کو شروع ہوا۔حکام کے مطابق کسی کوبھی بغیر مخصوص دن اور روٹ کے پرمٹ کے یاتراپر جانے کی اجازت نہیں ہوگی ۔یاتریوں کی رجسٹریشن 32ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں میں پنجاب نیشنل بنک،جموں کشمیربنک اوریس بنک کی 440مخصوص شاخوں پر ہورہی ہے۔ 46دنوں پر محیط یاترا یکم جولائی کو ماسک شیوراتری کے دن شروع ہوگی اور 15اگست کو شراون پورنیما کے روزاختتام کو پہنچے گی ۔ امرناتھ شرائن بورڈ نے موجودہ رجسٹریشن عمل کے علاوہ پائلٹ بنیادوں پرہرروز محدودیاتریوں کی آن لائن رجسٹریشن کی تجویز بھی پیش کی ہے ۔ویب سائٹ پر درخواست فارم اور ریاستوں میں بنک شاخوں جہاں لوگ رجسٹریشن کیلئے جاسکتے ہیں ،کی فہرست درج ہے ۔یاتریوں کیلئے رجسٹریشن کے موقعہ پر صحت کی لازمی سرٹیفیکیٹ رکھنا لازمی ہے ۔13برس سے کم عمر کے بچوں اور75سال سے زائد عمر کے بزرگوں کو یاترا پر جانے کی اجازت نہیں ہوگی ۔جو لاگ ہیلی کاپٹر کے ذریعے سفر کرنے کے خواہشمند ہوں گے انہیں پہلے سے رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ ان کی ہیلی کاپٹر ٹکٹ ہی ا س کیلئے کافی ہوگی۔