لیفٹیننٹ گورنر کاتمام متعلقین کاشکریہ
سرینگر// جمعرات کو بال تل بیس کیمپ سے یاتریوں کو امرناتھ گھپا کی طرف جانے کی اجازت ملنے کے بعد، 38روزہ سالانہ امرناتھ یاترا 2025 کے33ویں دن گھپا میں حاضری دینے اور شیولنگم کا درشن کرنے والے یاتریوں کی تعداد4 لاکھ کا ہندسہ عبور کر گئی ،تاہم جمعرات کو بھگوتی نگرجموںسے یاتریوںکے کسی نئے قافلے کوموسم غیرموافق ہونے کی وجہ سے کشمیرکی جانب روانہ ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، جو امرناتھ شرائن بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں، نے جمعرات کو اپنے ایکس ہینڈل پر یاترا سے متعلق معلومات کا اشتراک کیا۔انہوںنے پوسٹ میں لکھاکہ بابا امرناتھ ناممکن کو ممکن بناتے ہیں۔ ان کے آشیرواد سے، مقدس یاترا نے آج4 لاکھ کا ہندسہ عبور کر لیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہانے کہاکہ میں اس معجزے کیلئے بھگوان شیو کو سجدہ کرتا ہوں اور اس میں شامل تمام عقیدت مندوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ یہ خدائی مہم لاجواب اسلئے نہیں کہ یہ مشکل ہے بلکہ اس لئے کہ یہ خالص خوشی کا ایک لازوال سفر ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے پوسٹ میں مزید لکھاکہ یہ ایک روحانی تجربہ ہے اور عقیدت مندوں کو خود کو جاننے کا موقع فراہم کرتا ہے اور گہرا اعتماد پیداکرتا ہے اور ان کے دلوں کو لامحدود تشکر سے بھر دیتا ہے۔منوج سنہا نے کہا کہ درشنوں کی ریکارڈ تعداد اور ملک اور دنیا بھر سے عقیدت مندوں کی آمد ہندوستان کے اتحاد اور چیلنجوں پر قابو پانے کے اس کے عزم کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہاکہ میں واقعی ان عقیدت مندوں کا شکر گزار ہوں، جنہوں نے بے پناہ ایمان کا مظاہرہ کیا اور ہمارے انمول روحانی ورثے کو مضبوط کیا۔