ٓبانہال //آل جموں و کشمیر لو پیڈ ایمپلائز فیڈریشن بانہال کی ایک میٹنگ زیر صدارت شبیر احمد میر کی قیادت میں منعقد ہوئی۔ مقررین نے ساتویں کمیشن کے نفاذکا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ وہ بقایہ جات کی فوری ادائیگی کے لئے اقدامات کرے۔ پریس کے لئے جاری ایک ریلیز کے مطابق مقررین نے کہا کہ اب جب کہ مرکزی سرکار کے ملازمین کو جنوری سے مہنگائی بھتہ کی قسط واگزار کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے ، ریاستی ملازمین کو بھی اسی تناسب سے ڈی اے واگزار کیا جائے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے تمام ڈیلی ویجروں کومستقل کرنے، واجب الادا اجرت واگزار کرنے، رہبر تعلیم اساتذہ کے لئے ٹرانسفر پالیسی مرتب کئے جانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ملازمین کو ملنے والے میڈیکل الائونس میں اضافہ کیا جائے اور اسے موجودہ 300روپے سے بڑھا کر 1000روپے ماہوار کیا جائے ۔ میٹنگ میں موجود اراکین تنظیم نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے وعدوں اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ملازمین کے مختلف طبقہ جات کی تنخواہوں میں پائی جانے والی تفاوات کو دور کرے ۔ مقررین میں سجاد خان سیکرٹری، الطاف میر ماسٹر، نثار احمد شیخ خزانچی، منظور احمد وغیرہ شامل تھے۔