جموں//خزانہ، محنت و روزگار اور تعلیم کے وزیر سید محمدالطاف بخاری نے سنیچر کو افسران کی ایک میٹنگ طلب کر کے ریاستی ملازمین کے حق میں ساتویں تنخواہ کمیشن کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران اس سلسلے میں ایس آر او جاری کرنے کے معاملے پر بھی غور و خوض کیا گیا۔ وزیر کو بتایاگیا کہ ساتویں تنخواہ کمیشن کی سفارشات لاگو کرنے کے لئے مناسب اقدامات کئے جارہے ہیں۔وزیر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ اس بجٹ 2018-19ء کی یقین دہانی کے مطابق اگلے ماہ سے لاگو کریں۔ اُنہوںنے کہا کہ اس سلسلے میں ملازمین کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پور ا کیا جائے گا۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری فائنانس نوین کمار چودھری کے علاوہ محکمہ کے اعلیٰ عہدے دارے موجود تھے۔اس سے قبل وزیر موصوف نے فائنانس ڈیپارٹمنٹ کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران وزیر کو مختلف ٹو ل داخلوں پر حاصل کی گئی آمدن کے بارے میں تفصیلات دی گئیں۔وزیر نے محکمہ کی کارکردگی کو مزید متحرک بنانے کے لئے افسران کو قریبی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی۔بعد میں وزیر نے جموں وکشمیر بینک کے حکام کی ایک میٹنگ میں اس اِدارے کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ وزیر نے بینک کے کام کاج میںمزید استحکام لانے کی تلقین کی تاکہ اس ادارے کو مزید منافع بخش بنایا جاسکے ۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری فائنانس اور جموں و کشمیر بینک کے چیئرمین بھی موجود تھے۔