عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو نے ہفتہ کو ایگزیکٹو انجینئر تعمیرات عامہ ڈویژن پونچھ کے دفتر میں ہیڈ ڈرافٹسمین کے خلاف غیر متناسب اثاثوں کا مقدمہ درج کیا۔ اے سی بی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 18/2025 زیردفعہ13(1)(b) بشمول13(2) پی سی ایکٹ 1988 (ترمیم شدہ 2018 ) پولیس تھانہ اے سی بی جموں میں کی گئی تصدیق کے نتیجہ میں درج کیا گیا تھا جس میں ملوث سرکاری ملازم پر الزام لگایا گیاتھا کہ اس کے معلوم ذریعہ آمدنی سے غیر متناسب جائیداد اپنے نام اور اپنےخاندان کے افراد کے نام پرجمع کی ہے۔بیان میں مزید کہاگیا’’اس طرح کی گئی تصدیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ مذکورہ سرکاری ملازم نے شاندار دو منزلہ رہائشی مکان، پرتعیش گاڑیاں، مہنگی الیکٹرانک اشیاء کے علاوہ بینک بیلنس وغیرہ کی شکل میں بڑے اثاثے جمع کیے ہیں ‘‘۔اے سی بی کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تفتیش کے دوران عدالت سے سرچ وارنٹ حاصل کیا گیا اور آزاد گواہوں اور مجسٹریٹ کی موجودگی میں جموں کے چندن وہار مٹھی میں واقع ملزم کے رہائشی احاطے میں تلاشی لی گئی۔ ’’معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے‘‘۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔