عظمیٰ نیوزسروس
جموں//ریشم گڑھ کالونی سے سابق کارپوریٹر راما کی قیادت میں ایک وفد نے سول سیکرٹریٹ جموں میں جل شکتی کے وزیر جاوید احمد رانا سے ملاقات کی۔انہوں نے علاقے کے وارڈ نمبر 13 میں پانی کی فراہمی سے متعلق مختلف مسائل اٹھائے اور علاقے میں پانی کی فراہمی کو بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سپلائی کے اوقات ڈیمانڈ کو پورا کرنے کے لیے ناکافی ہیں اور پانی کی فراہمی کے اوقات میں اضافے کی درخواست کی۔علاقے کی بڑھتی ہوئی آبادی کو ذہن میں رکھتے ہوئے، راما نے علاقے میں پانی کی پریشانیوں کو کم کرنے کے لیے ایک پائیدار اقدام کے طور پر علاقے میں ٹیوب ویل لگانے کی بھی درخواست کی۔وزیر موصوف نے وفد کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل کو تحمل سے سنا اور کہا کہ حکومت عوام کو درپیش مسائل سے واقف ہے اور جہاں بھی ضرورت ہو اصلاحی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔وزیر نے سابق کارپوریٹر کے ذریعہ اٹھائے گئے مسائل کے فوری ازالے کو یقینی بنانے کے لئے چیف انجینئر پی ایچ ای کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں۔اسی طرح دیگر وفود اور افراد نے بھی وزیر سے ملاقات کی اور اپنے علاقوں کے مختلف ترقیاتی مسائل کو اٹھایا۔وزیر نے وفود کو یقین دلایا کہ ان کی تمام شکایات اور مطالبات کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جموں و کشمیر کی مساوی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے اور نظر انداز کئے گئے حصوں پر خصوصی زور دے رہی ہے۔