سرینگر//دلی کی ایک عدالت نے سنیچر کے روز جموں کشمیر پولیس کے سابق ڈی ایس پی دیوندر سنگھ کو ایک ماہ کی جوڈیشل حراست میں بھیجنے کے احکامات صادر کئےدیوندر کو اس سال کے اوائل میں حزب المجاہدین کے جنگجوﺅں کے ساتھ سفر کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔
خصوصی جج اجے کمار جین نے دیوندر کو6مئی تک جوڈیشل حراست میں بھیج دیا۔دیوندر کوایک ماہ کی پوچھ تاچھ کا عرصہ ختم ہونے بعد عدالت کے سامنے پیش کیا گیا تھا۔
اس موقع پر پولیس نے عدالت کو بتایا کہ اب اُسے پوچھ تاچھ کیلئے ملزم کی ضرورت نہیں ہے۔عدالت نے دیوندر سنگھ کیس کے باقی ماندہ ملزمان جاوید اقبال، سید نوید مشتاق اور عمران شفیع میر کو بھی جوڈیشل حراست میں بھج دیا۔
پولیس نے ہی عدالت سے مذکورہ ملزمان کی جوڈیشل حراست کا مطالبہ کیا تھا۔پولیس کا کہنا تھا کہ اگر ملزمان کی رہائی عمل میں لائی گئی تو وہ کیس کی آزادانہ تحقیقات میں رکاوٹ ڈال سکتے ہیں یا بھاگ سکتے ہیں۔
دیوندر کو اس سال ماہ جنوری میں نوکری سے معطل کیا گیا تھا۔اُسے دلی کی سپیشل سیل نے ہیرا نگر جیل سے دلی منتقل کیا تھا۔