سرینگر// پی ڈی پی کے سابق یوتھ صدر نذیر احمد یتو نے کل جموں وکشمیر اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔پارٹی کے مرکز ی دفتر ایم ٹی چرچ لین سونہ وار میں منعقدہ تقریب کے دوران پارٹی جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر، صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ سمیت کئی لیڈروں نے ان کااستقبال کرتے ہوئے موصوف کی پارٹی میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اس سے پارٹی مزید مستحکم ہوگی۔رفیع احمد میر نے کہاکہ اپنی پارٹی جموں وکشمیر کے سبھی خطوں کی بلا امتیاز ہمہ جہت ترقی کی وعدہ بند ہے۔ انہوں نے کہا’’پارٹی حقیقت پسندانہ سیاسی نظریہ پر یقین رکھتی ہے جس سے خطہ کے اندر امن اور خوشحالی لانے میں مدد مل سکتی ہے جبکہ دیگر سیاسی جماعتیں لوگوں کو گمراہ کن نعرؤں سے جذباتی بلیک ملک کرنے میں مصروف ہیں، اپنی پارٹی نے عوامی بہبود کے تندہی سے کام کیا ہے اور زمینی سطح پر لوگوں کے مسائل حل بھی کروائے ہیں‘‘۔