سرینگر//نیشنل کانفرنس کی طرف سے لنگیٹ میں ایک تقریب کا انعقاد ہوا، جس کی صدارت ضلع صدر کپوارہ قیصر جمشید لون(ایم ایل سی) نے کی۔ تقریب پر سابق ڈی ایس پی لیاقت علی خان نے باضابطہ طور پر نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی اور اس موقعے پر پارٹی عہدیداران نے اُن کا پارٹی میں خیر مقدم کیا۔ یاد رہے کہ موصوف ملازمت سے قبل یوتھ نیشنل کانفرنس کے سرگرم رکن بھی رہے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قیصر جمشید لون نے لیاقت علی خان کا نیشنل کانفرنس میں واپسی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہی ایسی واحد نمائندہ جماعت ہے جس کی جڑیں ریاست کے تینوں خطوں میں پیسوت ہے۔ اسی جماعت نے ہر حال میں لوگوں کی خدمت کی اور ہمیشہ ریاست کی خصوصی پوزیشن کا دفاع کرتی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہی ریاست کو موجودہ دلدل سے نکال سکتی ہے۔ گذشتہ 4سال سے کشمیر کا ہر گھر اور ہر بستی فوج کے سائے میں ہے، خوف و دہشت کا ماحول ختم کرنے کیلئے فوج کو بارکوں میں بھیجا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی بھاجپا حکومت کے قیام سے لیکر آج تک گذشتہ4سال سے مسلسل طور کشمیری قوم اضطراب میں ہے۔ وادی اقتصادی اور معیشی بدحالی کی شکار ہوگئی ہے۔ عوامی حکومت کی عدم موجودگی حالات کی مسلسل خرابی کا سبب بن رہی ہے۔ کوئی دن ایسا نہیں جاتا جب انکائونٹر، CASO، گرفتاریوں اورپُرتشدد جھڑپیں رونما نہیں ہوتیں۔ کوئی علاقہ ایسا نہیں جو حالات کی خرابی سے متاثر نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے مرکز کو سخت گیر پالیسی کے منفی نتائج کا احاطہ کرنا چاہئے اور فوری طور پر افہام و تفہیم اور مصلحت کا راستہ اختیار کرنا چاہئے۔اس موقعے پر پارٹی لیڈر اور سابق ایم ایل سی ناصر خان، بلاک صدور صاحبان بھی موجودتھے۔