ترال// معروف سیاستدان اور سابق وزیر علی محمد نائک کوسنیچر کی صبح سپرد خاک کیا گیا ہے ۔اُن کے جنازے میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔نماز جنازہ خانقاہ فیض پناہ ترال میں ادا کی گئی جس کے بعد مرحوم کو آبائی قبرستان میں سپر د خاک کیا گیا۔موصوف گزشتہ شام انتقال کرگئے تھے۔اس دوران وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے سابق وزیر و سپیکر قانون ساز اسمبلی علی محمد نائیک کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ اُن کی موت سے جو خلا پیدا ہو اہے وہ پُر کرنا کافی مشکل ہے۔انہوں نے کہا ’’ مرحوم نے اپنی پوری زندگی عوام کے فلاح و بہبود کے لئے بے لوث خدمات انجام دیںاورا ہمیں اُن کے نقش قدم پر چلنا چاہئے‘‘۔وزیر اعلیٰ نے مرحوم کی روح کے ابدی سکون کے لئے دعا کی اور سوگوار خاندان کے اظہار ہمدردی کیا۔وزیر زراعت غلام نبی لون ہانجورہ اور جنگلات کے وزیر مملکت میر ظہور احمد نے سابق ممبر پارلیمنٹ اور معروف سیاست دان علی محمد نائیک کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے الگ الگ بیانات میںدونوں وزراء نے مرحوم کو انتہائی شریف اور ملنسار انسان قرار دیتے ہوئے کہا کہ اُنہوںنے ریاست خصوصاً ترال کے عوام کی بہبودی کے لئے قابلِ قدر کام کیا۔وزراء نے غمزدہ کنبے کے ساتھ ہمدردی کا اِظہار کرتے ہوئے مرحوم کے حق میں دعا ئے مغفرت کی ہے۔نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ ، کارگزار صدر عمر عبداللہ نے اُن کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگواراں خصوصاً مرحوم کے فرزندان اوردیگر لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے مرحوم کی جنت نشینی کے لئے دعا کی ۔ دونوں رہنماؤں نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے عوامی مقبولیت حاصل کر کے لوگوں کی بے پناہ خدمت کی اور ہر لمحہ لوگوں کے مسائل حل کرنے اور ان کے دکھ سکھ میں پیش پیش رہتے تھے ۔ پارٹی کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر نے مرحوم کی قابل قدر سیاسی خدمات اور پارٹی کے تئیں اُ ن کی وفاداری پر روشنی ڈالی اور اجلاس میں مرحوم کے حق میں کلمات اور دعائے مغفرت ادا کیا گیا اور مرحوم کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کی۔ اجلاس میں صوبائی صدر کشمیر ناصر اسلم وانی ، صوبائی سیکریٹری ایڈوکیٹ شوکت احمد میر ، صدر ضلع سرینگر پیر آفاق احمد نے بھی شرکت کی۔ دریں اثناء پارٹی کے کئی لیڈروںنے بھی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔پارٹی کے سینئر لیڈران ایڈوکیٹ عبدالرحیم راتھر ، محمد شفیع اوڑی ، چودھری محمد رمضان ، میاں الطاف احمد ، محمد اکبر لون ، ممبران قانون سازیہ الطاف احمد کلو ، عبدالمجید لارمی ، شوکت حسین گنائی ، علی محمد ڈار ، شیخ محمدرفیع ، ڈاکٹر محمد شفیع، محمد اشرف بٹ ، صدر ضلع پلوامہ غلام محی الدین میر ، سابق ایم پی غلام نبی رتن پوری ، عبدالکریم پٹھان ، سابق وزیر سکینہ ایتو ، ڈاکٹر رفیق احمد کوچک ، سجاد احمد کچلو ، خالد نجیب سہروردی ، دیویندر سنگھ رانا اور عمران نبی ڈارنے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔