سوات//چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف کو سزا ملنے سے نئے پاکستان کا آغاز ہوگیا۔ آج ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی طاقتور کو سزا ہوئی۔سوات میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نواز اور شہبازشریف نے سیاست میں کرپشن کی اور جب میں سیاست میں آیا تو ان دو بھائیوں اور آصف زرداری کی کرپشن کے خلاف آواز اٹھائی، ان لوگوں نے ملکی اداروں کو تباہ کیا جس سے ملک مفلوج ہوگیا۔عمران خان نے کہا کہ نوازشریف نے اپنے اثاثے بچانے کے لیے فوج کو برا بھلا کہا اور مجھ پر مقدمات درج کیے، ایک خاتون سے گندی کتاب لکھوائی ، صرف اپنی چوری بچانے کے لیے نوازشریف نے وہ کام کیا جو دشمن بھی نہیں کرسکتا تھا، نوازشریف نے کہا کہ ممبئی حملے ہماری حکومت کی وجہ سے ہوئے یعنی فوج نے کروائے جس سے دنیا بھر میں پاک فوج بدنام ہوئی، نوازشریف نے باہر کی طاقت ور لابی کو خوش کرنے کے لیے ختم نبوت کا حلف خفیہ طور پر تبدیل کروایا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان کو کرپشن کے کینسر نے دیمک کی طرح کھالیا آج بچہ بچہ مقروض ہے کیونکہ یہ لوگ پیسہ چوری کرکے باہر لے گئے اور ملک پر قرضہ چڑھا دیا۔