سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے سابق وزیر اعظم اور سینئر بھاجپا لیڈر اٹل بہاری واجپائی کو ان کی93ویں سالگرہ پر مبارکباد اورجموں کشمیر کے حوالے ان کے نظریات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر اعظم ہند اٹل بہاری واجپائی پیر کو93برس کے ہوگئے اور اس موقعے پر وزیر اعظم نریندر مودی اور نائب صدر ایم ونکیا نائیڈو سمیت متعدد شخصیات نے واجپائی کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔جموں کشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اٹل بہاری واجپائی کو ان کے یوم پیدائش پر مبارکباد پیش کرنے کیلئے سماجی نیٹ ورک ٹویٹر کا سہارا لیا۔محبوبہ مفتی نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا’’اٹل بہاری واجپائی جی کو ان کی سالگرہ پر نیک خواہشات ، ایک ایسے صاحب بصیرت لیڈر جنہوں نے جموں کشمیر میں امن، تعمیر و ترقی کیلئے انسانیت، جمہوریت اور کشمیریت کا نعرہ بلند کیا‘‘۔قابل ذکر ہے کہ سابق وزیر اعظم نے مسئلہ کشمیر کے حل اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کی کوششوں کے تحت ایک تقریر کے دوران انسانیت، جمہوریت اور کشمیریت پر مبنی پالیسی اختیار کرنے کی بات کی تھی۔