سرینگر//وزیر تعلیم سعید محمد الطاف بخاری نے سابق رکن اسمبلی رام بن/ بانہال کے گھر راجباغ جاکرلواحقین کے ساتھ تعزیت پرسی کی ۔موصوف مختصر علالت کے بعد بُدھ وار کو سکمز صورہ میں انتقال کر گئے تھے۔موصوف کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے الطاف بخاری نے انہیں ایک عظیم سماجی کارکن قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ سماج کے مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی ایک وسیع تعداد ان کی ہمنواہ تھی۔انہوں نے کہا کہ نظامی صاحب اپنی سماجی، سیاسی سرگرمیوں کے لئے کافی معروف تھے اور ان کی وفات ایک صدمہ عظیم ہے۔دریں اثنا وزیر سولنہ، راج باغ میں محمد افضل سنیئر پی ڈی پی کارکن کے گھر بھی گئے اور ان کے داماد کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔وزیر غلام احمد گنائی کے گھر حکیم باغ راولپورہ بھی اظہار تعزیت کے لئے گئے جو مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے۔الطاف بخاری نے راول پورہ میں لطیف احمد آہنگر کے گھر جاکر ان کے چچا کی وفات پر بھی اپنی تعزیت کا اظہار کیا۔بخاری نے مرحومین کی ارواح کے دائمی سکون کے لئے دُعا کی۔پی ڈی پی زونل صدر امیراکدل حلقہ انتخاب محمد اشرف بھی وزیر موصوف کے ہمراہ تھے۔ادھر وزیر برائے مال، حج و اوقاف اور پارلیمانی امور عبدالرحمان ویری نے سابق رکن اسمبلی اور سماجی کارکن اختر نظامی کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔وزیر نے کہا کہ رام بن اور بانہال علاقوں میں عوام دوست کام شروع کرنے کیلئے مرحوم کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مرحوم کی روح کے ابدی سکون کے لئے دُعا کرتے ہوئے سوگواروں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔