سابق صدر ریاست ڈاکٹر کرن سنگھ سرینگر پہنچ گئے

Kashmir Uzma News Desk
2 Min Read
سرینگر// سابق صدر ریاست اور کانگریس کے سنیئر لیڈر ڈاکٹر کرن سنگھ پیر کو سرینگر کے4روزہ دورے پر پہنچ گئے،جہاںوہ ریاستی کانگریس کے لیڈران اور اپوزیشن جماعتوں سے تبادلہ خیال کرینگے۔ ذرائع کے مطابق سابق صدر ریاست سرینگر میں4روز تک قیام کرینگے،جس کے دوران وہ کئی سیاسی جماعتوں کے لیڈروں اور نمائندوں کے علاوہ ریاستی کانگریس کی مقامی لیڈرشپ سے بھی ملاقات کرینگے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم ہند ڈاکٹر منموہن سنگھ کی سربراہی میں کانگریس کے کشمیر سے متعلق پالیسی ساز گروپ کے دورہ کشمیر کے دوران ڈاکٹر کرن سنگھ بھی موجود تھے،اور وہ اسی بات چیت کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں،جو کانگریس پالیسی ساز گروپ کے ساتھ مختلف جماعتوں کے لیڈروں نے کی۔ غور طلب بات یہ ہے کہ ڈاکٹر کرن سنگھ اس وقت کشمیر کا دورہ کر رہے ہیں،جب ان کے والد اور ریاست کے آخری مہاراجہ،مہاراجہ ہری سنگھ کی یوم پیدائش پر سرکاری تعطیل کا مخمصہ پیدا ہوا تھا۔ ڈاکٹر کرن سنگھ نے مخلوط سرکار کو نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا’’مرحوم شیخ محمد عبداللہ کی یوم پیدائش پر سرکاری تعطیل کر کے جب اہل وادی کے جذبات کا احترام کیا جاتا ہے،تو جموں کے لوگوں کے اس مطالبے کو کیوں نظر انداز کیا جارہا ہے کہ مہاراجہ ہرسی سنگھ کی یوم پیدائش پر بھی سرکاری تعطیل ہونی چاہے‘‘۔ ڈاکٹر کرن سنگھ کے دونوں فرزند مخلوط سرکار میں شامل ہیں۔ انکے بڑے فرزند اجے شترو سنگھ بی جے پی کے قانون ساز کونسل میں رکن ہیں اور چھوٹے فرزند وکرم دتیہ پی ڈی پی کی طرف سے قانون ساز کونسل میں اپنی جماعت کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ 
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *