عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// سابق ریاست جموں و کشمیرکے سابق گورنر ستیہ پال ملک منگل کو طویل علالت کے بعد ہسپتال میں انتقال کرگئے۔انہوں نے دوپہر 12بجے آخری سانس لی۔ ستیہ پال ملک 24جولائی1946 کوپیداہوئے تھے۔ستیہ پال ملک نے اگست 2018 سے اکتوبر 2019 تک سابق ریاست جموں و کشمیر کے 10ویں اور آخری گورنر کے طور پر خدمات انجام دیں اور یہ ان ہی کے دور میں 5 اگست2019 کو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر دیا گیا۔ بطور سیاست دان ان کا پہلا نمایاں دور 1974-77 کے دوران اتر پردیش قانون ساز اسمبلی کے رکن کے طور پر تھا۔ انہوں نے 1980 سے1986 اور1986-89 تک راجیہ سبھا میں اتر پردیش کی نمائندگی کی۔ وہ 1989 سے 1991 تک جنتا دل کے رکن کے طور پر علی گڑھ سے 9ویں لوک سبھا کے رکن رہے۔ وہ اکتوبر 2017 سے اگست 2018 تک بہار کے گورنر تھے۔ 21 مارچ 2018 کو، انہیں 28 مئی 2018 تک اڈیشہ کے گورنر کے طور پر کام کرنے کا اضافی چارج بھی دیا گیا تھا۔ اگست2018 میں، انہیں ریاست جموں و کشمیر کا گورنر مقرر کیا گیا تھا۔ ستیہ پال ملک طویل علالت کے بعد79سال کی عمر میں فوت ہو گئے۔