یواین آئی
جموئی// وزیر اعظم نریندر مودی نے ’راجکمار رام‘ کوبھگوان رام بنانے کا کریڈٹ قبائلی برادری کو دیتے ہوئے ملک کی سابقہ حکومتوں پر قبائلیوں کو نظر انداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ جنہیں کوئی نہیں پوچھتا ، انہیں مودی پوجتا ہے۔جمعہ کو یہاں بالوپور گاؤں میں برسا منڈا کی 150ویں یوم پیدائش پر منعقدہ قبائلی فخر ڈے پروگرام میں قبائلیوں کے لیے 6640 کروڑ روپے کے مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کے بعد اپنے خطاب میں مودی نے کہا، “قبائلی معاشرہ وہ ہے، جس نے راجکمار رام کو بھگوان رام بنایا۔ قبائلی سماج نے ہندوستان کی ثقافت اور آزادی کے تحفظ کے لیے سیکڑوں برسوں تک لڑائی کی قیادت کی۔ آزادی کے بعد کی دہائیوں میں قبائلی تاریخ کی شراکت کو مٹانے کی کوشش کی گئی۔ اس کے پیچھے بھی خود غرضانہ سیاست تھی۔وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی حکومت نے قبائلی سماج کے مسائل کو کم کرنے کے لیے پی ایم جن من یوجنا شروع کی۔ اس کے تحت ملک کی سب سے پسماندہ قبائلی آبادی کو ترقی دی جا رہی ہے۔ انتہائی پسماندہ قبائلیوں کو ہزاروں مستقل مکانات دیے گئے ہیں۔ قبائلی بستیوں کو جوڑنے کے لیے کنکریٹ کی سڑکیں بنائی جا رہی ہیں۔ سینکڑوں گاووں میں ہر گھر میں نل سے پانی پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی ان کی پوجا کرتے ہیں جنہیں کسی نے نہیں پوچھا۔ مودی نے الزام لگایا کہ پچھلی حکومتوں نے قبائلیوں کے لیے کوئی کام نہیں کیا۔ قبائلی معاشرہ کئی دہائیوں تک بنیادی سہولتوں سے محروم رہا۔ قبائلی اضلاع ترقی کی رفتار میں پیچھے رہ گئے۔ اگر کسی افسر کو سزا دینی ہوتی تو اس کا تبادلہ قبائلی اکثریتی علاقے میں کر دیا جاتا تھا لیکن، اب وقت بدل گیا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی قیادت میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت نے قبائلیوں کے لیے ایک الگ وزارت بنائی۔ ہم نے قبائلی طور پر پسماندہ اضلاع کو خواہش مند اضلاع میں تبدیل کر دیا ہے اور وہاں ترقی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے قبائلیوں کا بجٹ 25 ہزار کروڑ روپے سے کم تھا لیکن ان کی حکومت نے اسے پانچ گنا بڑھا کر 1.25 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچا دیا ہے۔قبائلی ورثے کے تحفظ کے لیے ان کی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ قبائلی فن اور ثقافت کے لیے وقف بہت سے لوگوں کو پدم ایوارڈز سے نوازا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے رانچی میں لارڈ برسا کے نام پر ایک بہت بڑا میوزیم شروع کیا ہے۔
دیوگھر میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ہوائی جہاز میں تکنیکی خرابی
یواین آئی
رانچی// وزیر اعظم نریندر مودی کے طیارے میں جھارکھنڈ کے دیوگھر میں تکنیکی خرابی ہو گئی۔ہوائی جہاز میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے وزیر اعظم مودی دیوگھر ہوائی اڈے سے دہلی کے لیے پرواز نہیں کر پا رہے ہیں۔ مودی ابھی بھی دیوگھر ہوائی اڈے پر ہیں اور انہیں دہلی پہنچنے میں تاخیر کا سامنا ہے۔واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی آج بہار کے جموئی کے کھیرا بلاک کے بلوپور گاؤں میں برسا منڈا کے 150 ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقدہ قبائلی فخر ڈے کی تقریبات میں حصہ لینے کے بعد دہلی واپسی کے لیے دیوگھر ہوائی اڈے پر پہنچے تھے، جب یہ اطلاع ملی کے طیارے میں تکنیکی خرابی ہے۔اس دوران گڈا میں انتخابی مہم کے لیے آئے راہل گاندھی کا ہیلی کاپٹر گزشتہ ایک گھنٹے سے گڈا میں رکا ہوا ہے۔