سرینگر// جموں کشمیر کے سابق چیف سیکریٹری اور سابق ایم ایل سی بی آر کنڈل بدھ کو نیشنل کانفرنس سے مستعفی ہوگئے۔
کنڈل نے اپنا استعفیٰ نیشنل کانفرنس صدر کو تحریری طور روانہ کیا ہے جس میں انہوں نے صدر کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا۔
ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کنڈل نے ڈاکٹرفاروق عبد اللہ کے نام اپنے خط میں لکھا ” ایک مختصر تقریب کے دوران مارچ2019میں بھٹنڈی جموں میں آپ نے مجھے جموں۔ پونچھ پارلیمنٹری نشست کا اُمیدوار قرار دیا، آپ نے میری پارٹی میں شمولیت کا ابھی اعلان کیا۔بعد ازاں مذکورہ پارلیمانی سیٹ نامعلوم وجوہات کی بنا پر کانگریس کو دی گئی اور تب سے توی میں کافی پانی بہا ہے۔تب سے کسی نے بھی میری خدمات کا استعمال ضروری نہیں سمجھا ،اس لئے میرا نیشنل کانفرنس کے ساتھ خود کو وابستہ رکھنا بے معنی بن گیا ہے“۔
سابق آئی اے ایس آفیسر کنڈل نے مزید لکھا” دو سال منتظر رہنے کے بعد اب میں نیشنل کانفرنس سے خود کو الگ کررہا ہوں“۔