عظمیٰ نیوزسروس
جموں//اکھنور کے سابق ایس ایس پی موہن لال بھگت نے جموں میں پارٹی ہیڈکوارٹر میں بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔رویندر رینا، صدرجموںوکشمیر بی جے پی، جگل کشور شرما، ایم پی (لوک سبھا) اور دیگر نے اکھنور کے سابق ایس ایس پی موہن لال بھگت کا پارٹی میں خیرمقدم کیا۔سابق ایس ایس پی کا خیرمقدم کرتے ہوئے رویندر رینا نے کہا کہ نریندر مودی حکومت کی جانب سے غریبوں اور ضرورت مندوں کے لیے شروع کی گئی عوامی فلاحی سکیمیں شہریوں کی مجموعی ترقی کے لیے اس کی وابستگی کی گواہی دیتی ہیں۔رویندر رینا نے بی جے پی کی شمولیتی ترقی کے عزم کو اجاگر کیا اور اپوزیشن اتحاد پر تنقید کی۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے “سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس” مشن کے ساتھ پارٹی کی وابستگی پر زور دیا اور کہا کہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس ملک دشمن ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔رینانے نیشنل کانفرنس کانگریس اتحاد پر تنقید کی۔ انہوں نے آزادانہ طور پر الیکشن لڑنے کے بارے میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور راہول گاندھی کے سابقہ بیانات کی نشاندہی کی۔ انہوں نے این سی پر الزام لگایا کہ وہ جموں و کشمیر کے طول و عرض میں بی جے پی کی تیز رفتار ترقی کے خوف سے کانگریس کے ساتھ اتحاد کر رہی ہے۔ انہوں نے سیاسی قیدیوں کی رہائی کی وکالت کرنے پر اتحاد کی مزید مذمت کی۔