سرینگر//ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے سابق ائر چیف سربراہ پی وی نائک کے اس بیان کی مذمت کی ہے جس میں نائک نے کشمیر میں سخت اقدامات اور ہوائی فوج کا بہترین استعمال اور مخصوص زونوں کی نشاندہی کرنے کی تجاویز جہاں جنگجووں کو بغیر کسی وارنٹ کے ہلاک کیا جاسکتا ہے ،کو ظالمانہ ، زہر سے بھرا اور جموں و کشمیر کے لوگوں کے خلاف نفرت قرار دیا ہے۔ بار نے کہا کہ کشمیر ی عوام کا صرف اتنی خطا ہے کہ وہ حق پر مبنی اپنی جدوجہد کو جاری رکھے ہوئے ہیں اور بھارت اور اس کے لیڈران سے گزارش کررہے ہیں کہ وہ اپنے وعدوں اور بین الاقوامی سطح پر کئے گئے وعدوں کو پورا کرکے جموں و کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت رائے شماری کرے۔ بار ایسوسی ایشن یہ بات صاف کردینا چاہتی ہے کہ کشمیر ی عوام اور مخصوص علاقوں میں بمباری کرکے عوام کو زیر نہیں کیا جاسکتا ہے بلکہ عوامی تحریک مزید مضبوط ہوگی۔ بار نے کہا کہ بھارت کشمیر میں اپنے غیر قانونی قبضے کو جاری رکھنے کیلئے کچھ بھی کرسکتا ہے۔ بار ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ہم پی وی نائک پر یہ بات واضح کردینا چاہتے ہیں کہ جب و ہ خود بھی کشمیر کی صورتحال کو سنگین سمجھتے ہیں اور سیاسی حل کی حمایت کرتے ہیں تو وہ کشمیر میں ہوائی جہازوں اور ہیلی کاپٹروں کے ذریعے کشمیر یوں کو ہلاک کرنے اور معذور بنانے کا مشورہ بھی دیتے ہیں۔ بار ایسوسی ایشن نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارتی فوج کے حاضر اور سابق افسروں کے سنگین بنایانات کا نوٹس لیں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کشمیر میں اپنے قبضے کو دوم بخشنے کیلئے فوجی طاقت کا استعمال کررہا ہے اور فوج کے ذریعے لوگوں کو ڈرا دھمکا کر کشمیر یوں کی تحریک کو دبانا چاہتا ہے جبکہ بھارت کشمیر میں پچھلے 70سال سے نسل کشی میں مصروف ہے ۔