عظمیٰ نیوز سروس
راجوری// سائیں جان محمدکا سالانہ عرس مبارک داسل سیراں، راجوری میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، جس میں ہزاروں عقیدت مندوں اور اسلامی اسکالرز نے شرکت کی۔اس موقع پر خصوصی دعائیں کی گئیں، جن میں ملک و ملت کی ترقی، امن اور بھائی چارے کے لئے دعا مانگی گئی۔ عقیدت مندوں نے مزار پر حاضری دے کر روحانی فیض حاصل کیا ۔عرس کے موقع پر درگاہ کو رنگ برنگے جھنڈوں، پھولوں اور روشنیوں سے خوبصورتی سے سجایا گیا تھا، جس نے تقریب کے روحانی ماحول کو مزید جِلا بخشی۔عرس کی تقریب میں موجود رکنِ اسمبلی راجوری افتخار احمد نے مزار کے وسیع مذہبی و سیاحتی امکانات کو اجاگر کیا اور کہا کہ حکومت درگاہ کی ترقی کے لئے مختلف منصوبے زیر غور لا رہی ہے۔ انہوں نے اس مزار کو ایک اہم مذہبی سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینے پر زور دیا، جو نہ صرف مقامی معیشت کو فروغ دے گا بلکہ علاقے کی روحانی اور ثقافتی شناخت کو بھی اجاگر کرے گا۔سائیں جان محمدکا عرس مبارک ایک سالانہ اجتماع ہے، جہاں مختلف مذاہب اور مسالک سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں شریک ہوتے ہیں۔ اس اجتماع نے ایک بار پھر علاقے کی مذہبی ہم آہنگی اور روحانی تنوع کو اجاگر کیا، جو کہ اس خطے کی ثقافتی اور روحانی میراث کا ایک روشن باب ہے۔