سرینگر//سائپرس کے ہائی کمشنر ڈیمی ٹریاس اے تھیو فائی لیکٹو نے یہاں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی۔ملاقات کے دوران انہوںنے باہمی دلچسپی کے کئی معاملات خاص طور سے سیاحت ، دستکاری ، شمسی توانائی ، زراعت اور ثقافت کو تحفظ دینے جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ہائی کمشنر نے وزیر اعلیٰ کو ان کے ملک میں ان شعبوں میں دستیاب ٹیکنالوجی کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ وہ ریاست کو دو طرفہ معاہدوں کے فریم ورک میں ریاست کے ساتھ یہ ٹیکنالوجی بانٹنے کے لئے تیار ہے ۔انہوںنے شمسی توانائی اور ماحولیاتی تبدیلی کے شعبو ں میں اس ملک کی طرف سے حاصل کی گئی پیش رفت کے بارے میں بھی محبوبہ مفتی کو جانکاری دی۔وزیر اعلیٰ نے سائپرس میں ثقافتی ورثے کو تحفظ دینے کے علاوہ دستکاری اور کھیلوں کے ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کے معاملات میں دلچسپی کا مظاہرہ کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے جھیلو ں کو صاف کرنے سے متعلق وہاں دستیاب ٹیکنالوجی اور گندے پانی کی نکاسی اور اسے صاف کرنے کے طور طریقوں میں بھی دلچسپی دکھائی اور ان طریقوں کو جھیل ڈل اور جھیل ولر میں بروئے کار لانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔