عظمیٰ نیوز سروس
جموں//محکمہ اسکول ایجوکیشن جموں و کشمیر کے زیر اہتمام اسٹیٹ کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ (SCERT) جموں ڈویژنل آفس کی جانب سے نارتھ انڈیا سائنس ڈرامہ کانٹیسٹ 2025-26 کا افتتاح بابا جیتو کانفرنس ہال، کسان کیندر جموں میں کیا گیا۔ اس پروگرام کا افتتاح ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن جموں ڈاکٹر نسیم جاوید چوہدری نے کیا۔یہ مقابلہ نیشنل سائنس سینٹر دہلی اور وزارتِ ثقافت حکومتِ ہند کے تعاون سے منعقد کیا گیا، جس کا مقصد سائنس کے فروغ اور عوامی آگاہی کے لئے تھیٹر کے تخلیقی انداز کو بروئے کار لانا ہے۔ اس سال کا مرکزی موضوع ’انسانی فلاح کے لئے سائنس و ٹیکنالوجی‘ رکھا گیا، جبکہ ذیلی موضوعات میں خواتین اور سائنس، اسمارٹ ایگریکلچر، ڈیجیٹل انڈیا، سب کیلئے صفائی اور گرین ٹیکنالوجیز شامل تھے۔افتتاحی تقریب کا آغاز چراغ روشن کرنے کی روایت سے ہوا، جس کے بعد معزز مہمان ڈاکٹر نسیم جاوید چوہدری نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سائنس ڈرامہ مقابلے نوجوانوں میں سائنسی سوچ، خوداعتمادی، تنقیدی فکر اور ٹیم ورک کے جذبے کو پروان چڑھاتے ہیں، جو ایک ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہیں۔پروگرام میں جموں ڈویژن کے دس اضلاع سے طلبا و طالبات نے حصہ لیا۔ ہر ٹیم میں ایک ہدایتکار، مصنف اور آٹھ طلباشامل تھے۔ شرکا نے سائنسی موضوعات پر مبنی ڈرامے پیش کئے جو روزمرہ زندگی میں سائنس کے مثبت اثرات کو اجاگر کرتے تھے۔ ڈراموں کا جائزہ پریزنٹیشن، سائنسی مواد اور ابلاغ کی مؤثریت کی بنیاد پر لیا گیا۔جیوری میں رویندر شرماسورج سنگھ جموال اور ڈاکٹر امرجیت سنگھ شامل تھے۔جی ایچ ایس سچانی، سانبہ نے پہلا انعام، جی جی ایچ ایس ایس نوآباد، جموں نے دوسرا اور ایچ ایس پنیا لگ، کٹھوعہ نے تیسرا انعام حاصل کیا۔ شیطل کو بہترین ہدایتکار و مصنف، جیون لال کو بہترین اداکار اور لکشیتا بھاگت کو بہترین اداکارہ قرار دیا گیا۔اختتامی تقریب میں ڈاکٹر کرن نِدھی (ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر) اور مختلف ڈائٹ پرنسپلز نے شرکت کی۔ڈاکٹر سندھو کپور، جوائنٹ ڈائریکٹر اسٹیٹ کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ جموں نے اپنے خطاب میں طلبا اور اساتذہ کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ یہ پلیٹ فارم طلبا میں تخلیقی صلاحیتوں اور سائنسی جذبے کو نئی سمت دیتا ہے۔