عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر//ڈائریکٹر زراعت کشمیر چوہدری محمد اقبال نے کل زرعی کمپلیکس لالمنڈی سری نگر میں (این بی ایچ ایم) کے تحت سائنسی طریقے پرشہد کی مکھیوں کے پالنے کے سات روزہ ڈویژنل سطح کے تربیتی پروگرام (ڈی ایل ٹی پی) کا افتتاح کیا۔ہفتہ طویل تربیتی پروگرام کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر نے زرعی شعبے کی مجموعی ترقی میں شہد کی مکھیوں کی پالنا، کھمبی کی کاشت اور دیگر متعلقہ سرگرمیوں سمیت چھوٹے پیمانے پر زرعی کاٹیج صنعتوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔چوہدری اقبال نے کہا کہ زرعی تنوع کاشتکاری کی سرگرمیوں میں خطرات کو کم کرنے کی کلید ہے اور اسی لیے شہد کی مکھیوں کا پالن ایک اہم ٹول کے طور پر ابھرا ہے جو نہ صرف کاشتکار برادری کی زرعی آمدنی میں اضافہ کرتا ہے بلکہ اسے موسمیاتی اور مٹی کے وسائل میں ہونے والی تبدیلیوں سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔انہوںنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہد کی مکھیوں کی کالونیوں کی وجہ سے بہت سے لوگ، زیادہ تر پڑھے لکھے نوجوان اپنی روزی روٹی کمانے کے قابل ہیں۔اس سے قبل ڈائریکٹر نے کچن گارڈن لال منڈی سری نگر میں سبزیوں کے بیجوں کی تقسیم کے ساتویں مرحلے کا آغاز کیا۔