سائبر پولیس پلوامہ کی کارروائی،ڈیڑھ لاکھ روپے وصول

Hacker typing on a laptop

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//سائبر یونٹ پلوامہ نے آن لائن مالی فراڈ سے نمٹنے کیلئے جاری کوششوں میں اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے2الگ الگ آن لائن گھوٹالے کے معاملات میںایک لاکھ44ہزار500 روپے منجمد کر دئیے ہیں۔ سائبر سیل پلوامہ نے دونوں صورتوں میں فوری طور پر تجزیہ کیا، متاثرین کو واٹس ایپ کے ذریعے موصول ہونے والے ایک ویب لنک کے ذریعے لالچ دیا گیا، جس میں گھر سے کام کے مواقع کا وعدہ کیا گیا۔ اس اسکینڈل میں متاثرین کو زیادہ منافع کے وعدے کے ساتھ پیسہ لگانے پر راضی کرنا شامل تھا۔ ابتدائی طور متاثرین کو بیت دینے کیلئے فوری واپسی کے ساتھ چھوٹے کام فراہم کئے گئے۔ رفتہ رفتہ ان سے بڑی رقم کی سرمایہ کاری کرنے کو کہا گیا، جس کی وجہ سے کافی مالی نقصان ہوا۔پلوامہ پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اس طرح کے گھوٹالوں سے چوکس رہیں۔ کوئی بھی جائز سرمایہ کاری اسکیم فوری اور خاطر خواہ منافع پیش نہیں کرتی ہے۔ عوام کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ایسی دھوکہ دہی والی اسکیموں میں پڑنے سے بچیں اور سمجھداری سے سرمایہ کاری کریں۔پلوامہ پولیس اور اس کے سائبر یونٹ نے لوگوں کے مالی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور سائبر کرائم کی روک تھام کے لیے فعال طور پر کام کرتے رہیں گے۔یہاں یہ بتانا ضروری ہے کہ پلوامہ میں لوگ سائبر کرائمز کی اطلاع پلوامہ پولیس کوای میل ایڈرسjkpolice.gov.in-sybercrimeکے ذریعے یاموبائل نمبر9451943103 پر کال کر سکتے ہیں۔