سرینگر//صوبائی کمشنرکشمیر بصیرا حمد خا ن کی صدارت میں آفیسران کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں زیڈ موہرا ٹنل پروجیکٹ کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔آئی جی پی ٹریفک ،ڈی سی گاندربل،سی ای او سونہ مرگ،ایس ایس پی گاندربل اوراے پی سی او کے نمائندوںکے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر اوردیگر متعلقہ آفیسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ حیدر آباد کی ایک تعمیراتی کمپنی اے پی سی او کو 6.5کلومیٹر لمبی اس ٹنل کی تعمیر کا کام سونپا گیا ہے اور امید کی جارہی ہے کہ یہ پروجیکٹ اپریل 2020ءتک مکمل ہوگا ۔اس ٹنل کی تعمیر سے ہر موسم میں لیہہ تک ٹریفک کی آمدورفت یقینی بن جائے گی۔اس وقت تقریباً800ورکر کام میںمصروف ہے جن میں پچاس فیصد مقامی ورکر ہیں۔علاقے میں تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے صوبائی کمشنر نے ایس ایس پی گاندربل کے ذریعے مضبوط سازوسامان کا آڈِٹ کرنے کی ہدایت دی۔متعلقہ تعمیراتی ایجنسی نے صوبائی کمشنر کوتعمیراتی سامان لے جانے والی گاڑیوں کی آمدورفت میں رکاﺅٹوں ،ٹرکوں پر لیونگ ٹیکس اورپروجیکٹ کے گرددنواح میں سینٹرل سکیورٹی فورسز کی تعیناتی کے معاملات کے بارے میں جانکاری دی۔صوبائی کمشنر نے متعلقہ محکموںکو ہدایت دی کہ وہ یہ معاملات ترجیحی بنیادوں پر حل کریں تاکہ یہ تاریخی پروجیکٹ مقررہ مدت میںمکمل ہوسکے۔