کنگن//زیڈ مور ٹنل کا کام سست رفتاری سے جاری ہیجبکہ1530میٹر کام کے دوران 2 برس میں تین پروجیکٹ منیجر بدل گئے ۔کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق وسطی ضلع گاندربل کے گگن گیر سونہ مرگ شاہراہ کو ملانے والی 6.5کلو میٹر طویل زیڈ مور ٹنل کا کام سست رفتاری سے جاری ہے ۔ذرائع کے مطابق 2700کروڑ روپیوں کی لاگت سے تعمیر ہورہی ٹنل پر گذشتہ ڈیڑھ سال سے زائد عرصے تک صرف 1530میٹر کام مکمل کیا گیاجبکہ تین برسوں میں ایپکو نامی کمپنی کے تین پروجیکٹ منیجر بدل گئے ہیں جس سے ٹنل کے کام میں کافی رکاوٹیں پیش آرہی ہے ۔ادھر مقامی آبادی کے لوگوں کا کہنا ہے کہ زیڈ مور ٹنل کی تعمیر شروع ہونے سے قبل ہی اگر چہ علاقے کے لوگوں میں کافی خوشی محسوس ہوئی تھی کہ اس بڑے پروجیکٹ کے ذریعے اب تحصیل کنگن اور اس کے ملحقہ علاقوں کے لوگوں کو روز گار حاصل کرنے میں کافی مدد ملے گی لیکن اس بڑے پروجیکٹ سے مقامی لوگوں کے بدلے اکثر غیر ریاستی لوگوں کو لایا گیا ہے اور یہاں کی آبادی کے لوگوں کو اس پروجیکٹ سے ابھی تک کوئی فائدہ نہیں ملا ۔مقامی آبادی کے لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رات کے دوران ٹنل میں بلاس ٹنگ کی وجہ سے اس کے رہائشی مکان ہل جاتے ہیں اور اس کے باوجود بھی یہاں کے لوگوں کو اس بڑے پروجیکٹ سے کوئی فائدہ نہیں پہنچا ہے ۔آبادی کے لوگوں کا کہنا ہے کہ ایپکو نامی کمپنی جوکہ ٹنل کا کام کررہی ہے نے یہاں پر کوئی ڈیولپمنٹ نہیں کی ہے ۔سڑکوں کے ارد گرد رہنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر چہ ٹنل سے نکالنے والی مٹی کو دوسری جگہ ڈال دیا جاتا ہے تاہم سڑک پر سے اٹھنے والے گرد و غبار کی وجہ سے انہیں کئی طرح کی بیماریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔