سوپور// شمالی قصبہ سوپور کے زینہ گیر علاقے میںایک ریچھ نے 60سالہ شخص پر حملہ کرکے اُن کو شدید زخمی کردیا ۔مذکورہ زخمی شہری کو سوپور سب ضلع اسپتال سے سرینگر منتقل کیا گیا ۔ زینہ گیر میں اُس وقت خوف وہراس اور افرا تفری پھیل گئی ،جب یہاں ایک ریچھ اچانک نمودار ہوا ۔ ریچھ نے اپنے میوہ باغ میں کام کررہے60سالہ محمد سبحان ریشی ساکنہ ہارون تجر پر حملہ کیا اور وہشدید زخمی ہوا۔ اُسے فوری طور پر سب ضلع اسپتال سوپور علاج ومعالجہ کےلئے منتقل کیاگیا ۔عینی شاہدین نے بتایا کہ جونہی ریچھ نے مذکورہ شہری پر حملہ کیا تو آس پاس موجود لوگوں نے کافی مشقت کے بعد اُسے ریچھ کے چنگل سے بچالیا ۔ سب ضلع اسپتال سوپور میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج ومعالجہ کےلئے سرینگر منتقل کیا گیا ۔