زیرو پوائنٹ زوجیلا میں سہولیات کا فقدان

غلام نبی رینہ

کنگن//صحت افزا مقام سونہ مرگ سے تقریبا 45کلو میٹر کی دوری پر واقع زیرو پوائنٹ ذوجیلا میں سہولیات کا فقدان ہے ۔مواصلاتی نظام ،طبی سہولیات اوربیت الخلا جیسی ضروری سہولیات دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے سیاحوں کو درپیش مشکلات کا سامنا رہتا ہے ۔ زیرو پوائنٹ ذوجیلا کی اہمیت اس لحاظ سے زیادہ ہے کیونکہ یہاں پر اگست تک برف جمع ہوتا ہے اور سیاح برف کا لطف لینے کے لئے ہی زیرو پوائنٹ جانا پسند کرتے ہیں۔کیونکہ سونمرگ اور تھاجواس علاقے میں جون میں ہی برف ختم ہوجاتی ہے۔ دہلی سے سیرو تفریح پر آئے سیاحوں کے ایک گروپ نے بتایا کہ صحت افزا مقام سونہ مرگ کے ساتھ ساتھ زیرو پوائنٹ ذوجیلا کی خوبصورتی سے ہم لطف اندوز ہوئے ہیں کیونکہ ہم نے فوٹو اور ویڈیو میں برف دیکھی تھی لیکن آج ہم نے یہاں پر آکر برف دیکھا ۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کی خوبصورتی دنیا بھر میں مشہورہے اور جس نے کشمیر کا سیر نہیں کی اس نے زندگی میں کچھ نہیں دیکھا۔انہوںنے بتایا کہ زیرو پوائنٹ ذوجیلا پر مواصلاتی نظام، طبی سہولیات اور بیت الخلا جیسی سہولیات دستیاب نہیں رکھی گئی ہیں جس کی وجہ سے انہیں مشکلات پیش آئے۔