سرینگر//تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر اور تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے زیرو برج سے آئی جی روڑ تک ساڑھے دس کلومیٹر سڑک کی اَپ گریڈیشن کا سنگ بنیاد رکھا۔پروجیکٹ پر 28.79کروڑ روپے خرچ کئے جانے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔اس موقعہ پر نعیم اختر نے کہا کہ یہ پروجیکٹ نیو روڑ سسٹم کا پہلا پروجیکٹ ہے جہاں متوازی سڑکیں بہتر رابطے اور ٹریفک دبائو کم کرنے کے لئے تعمیر کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ یہ پروجیکٹ ایک سال کے اندرمکمل کیا جائے گاجو پروجیکٹ کے تکمیل کے مقررہ ٹائم فریم کے مقابلے میں نصف مدت ہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر حالات ساز گار رہے تو یہ پروجیکٹ بجائے ستمبر 2019ء کے ستمبر 2018ء میں ہی مکمل کیا جائے گا۔الطاف بخاری نے اس موقعہ پر کہا کہ حکومت وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت میں جموں وکشمیر کو جدید خطوط پر ترقی دینے کی وعدہ بند ہے ۔انہوں نے کہا کہ صحت ، بجلی ، سڑک رابطہ و دیگر لوگوں کی ضروریات کو پوراکرنے کا بنیادی ڈھانچہ تعمیر کرنے کو اعلیٰ ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے۔حلقہ انتخاب امیرا کدل کا ذکرکر تے ہوئے بخاری نے کہا کہ یہ پروجیکٹ کافی اہمیت کا حامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کئی ترقیاتی کام مکمل کئے گئے ہیں اور کئی لوگوں کی بہبودی کے لئے ترقیاتی کام جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈرنیج کے کام شدو مد سے جاری ہے اور ان کی تکمیل پر لوگوں کو بہت راحت ملے گی۔